اڈپی، 18 / جولائی (ایس او نیوز) ضلع میں ڈینگی اور دوسرے متعدی امراض میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور زیادہ تر مریض خود ہی اپنا علاج (سیلف میڈیکیشن) کرنے لگے ہیں ۔ اس کی وجہ سے امراض کی نامناسب تشخیص اور نامکمل علاج کا سلسلہ چل پڑا ہے جس کا نتیجہ کبھی کبھی جان لیوا ثابت ہوتا ہے ۔
اڈپی ڈسٹرکٹ اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اسی پس منظر میں احتیاطی قدم کے طور پر تمام فارمیسی کی دکانوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کسی مستند ڈاکٹر کی طرف سے تجویز کردہ نسخے (پرسکرپشن) کے بغیر پیرا سیٹامول (جیسے ڈولو 650 ، مٹاسین وغیرہ) اور دیگر اینٹی بایوٹک دوائیں ہرگز فروخت نہ کریں ۔ اس پابندی کا مقصد مریضوں کو صحیح علاج و معالجہ کروانے کی ترغیب دینا ہے ۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ بلڈ بینکس کو معقول مقدار میں خون اور اس سے متعلق ضروری اجزاء تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ انہیں اپنا خون عطیہ دینے والوں کی فہرست بھی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
اس دوران متعدی امراض کے ڈسٹرکٹ کنٹرولر ڈاکٹر پرشانت بھٹ نے بتایا کہ اڈپی ضلع میں ڈینگی کے دس تازہ معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 250 ہوگئی ہے ۔